روم…اٹلی، امریکا اور کینیڈا میں برف باری نے معمولات زندگی شدید متاثر کیے ہیں، شمالی اٹلی میں کئی دہائیوں بعد شدید برف باری سے ایک پورا گاوٴں برف میں دفن ہوگیا۔ Fraciscio نامی اس گاؤں میں تمام گھر،سڑکیں،گاڑیاں اور سڑک پر لگی لائٹیں تک برف میں چھپ گئی ہیں اور شہری گھروں میں محصور ہیں، سڑکوں سے برف ہٹانے کا کام جاری ہے۔ امریکا کی شمال مشرقی ریاستوں میں شدید برفباری کا سلسلہ جاری ہے ،جس کی وجہ سے سفر میں مشکلات کا سامنا ہے۔ ریاست ڈیلاس میں 200 سے زائد ٹریفک حادثات رپورٹ کیے گئے ہیں جبکہ کینٹکی میں بھی سڑکوں پر گاڑیوں کے پھسلنے کے کئی
واقعات پیش آئے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ریاست اوکلاہوما میں بھی برف باری کا راج ہے۔ ریاست میری لینڈ سے مشرقی ساحل تک دو روز کے دوران اب تک ایک فٹ برف پڑچکی ہے۔ شدید متاثر ہونے والی ریاست پنسلوینیا میں بجلی کی بحالی کا کام جاری ہے تاہم 5 لاکھ افراد اب تک بجلی سے محروم ہیں۔ نیویارک ، نیوجرسی اور پینسلووینا میں ایمرجنسی نافذ ہے۔ ہزاروں پروازوں کی تاخیر یا منسوخی کے بعد اب شیڈول معمول پر آنا شروع ہوگیا ہے۔کینیڈا کے صوبے اونٹاریو کے ایک قصبے میں برف میں دھنسے9 سالہ بچہ کی لاش ملی ہے۔ پولیس حکام کے مطابق حادثے کی وجہ کا تعین کیا جارہا ہے۔